راولپنڈی (اکمل شہزاد سے)رمضان المبارک میں بجلی گیس کے بلوں نے عوام کے ہوش اڑا دیئے، عوام سراپا احتجاج بن گئے، بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش اور گیس کا پریشر غائب ہونے کے باوجود بھاری بلوں نے مہنگائی سے تنگ عوام کومزید پریشانی میں ڈال دیا، شہریوں کے مطابق ہفتے میں دو یا تین دن صبح نو بجے سے دن 2بجے تک بجلی غائب رہتی ہے ابھی تو پنکھے بھی نہیں چل رہے ، سولر سسٹم لگانے کے وسائل موجود نہیں ہزاروں کے بلوںنے تو راتوں کی نیند تک چھین لی ہے ، گھر کے دیگر اخراجات پورے کریں یا گیس بجلی کے بل ادا کریں، حکومت ریلیف دینے کی بجائے دن بدن عوام پر بوجھ کو بڑھاتی جا رہی ہے ، امیر آدمی کو تو کوئی فرق نہیں پڑتا غریب اور متوسط طبقے کے لوگ خو د کشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کے دوران جو فری بجلی اور گیس کے وعدے اور عوام کو ریلیف دینے کے نعرے لگائے گئے تھے اس پر عمل درآمد کیا جائے، حکمرانوں نے تو اقتدار حاصل کر کے اپنی عیاشیاں شروع کر دی ہیں کسی کو بھی غریب آدمی کا خیال نہیں کہ وہ بچوں کی پڑھائی کے اخراجات پورے کرے، گھر کا راشن خریدے، کرائے ادا کرے یا پھر بجلی گیس کے بھاری بلوں کو ادا کرے ، ایک دیہاڑی دار مزدور نے بتایا کہ رمضان میں تو مزدوری بھی بہت کم ملتی ہے ، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے اوپر سے رہی سہی کسراتنے بڑے بڑے بلوں نے پوری کردی، گیس کا بل بھی ہزاروں روپے آتا ہے بجلی کے بل کو تو دیکھ کر سچ میں چار سو چالیس واٹ کا جھٹکا لگ جاتا ہے غریب مزدور آدمی اپنے بچوں کا بیٹ کیسے پالے ، ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ بجلی گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کر ریلیف دیا جائے۔
راولپنڈی ،رمضان المبارک میں بجلی وگیس بلوں نے عوام کے ہوش اڑا دیئے
Mar 21, 2024