گرلز ہائی سکول مندرہ  کی طالبات کو ہراساں کر نابے بنیاد‘ ہیڈ مسٹریس ذمہ دار افیسر ‘ ترجمان 

Mar 21, 2024

اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ )راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے ترجمان نے انجمن فیض الاسلام گرلز ہائی سکول مندرہ کی ہیڈ مسٹریس کی جانب سے امتحانی مرکز میںطالبات کو ہراساں کرنے سے متعلق خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرلز ہائی سکول کی ہیڈ مسٹریس مسرت شفیق شریف النفس اور ذمہ دار افیسر ہیں اور سالہا سال سے موصوفہ کے تعاون سے امتحانات خوش اسلوبی کیساتھ منعقد ہو رہے ہیں اور اس بارے بورڈ انتظامیہ کو ان سے متعلق پہلے کوئی شکایات آئی ہیں نہ اب ہیں۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امتحانی سنٹر میں متعلقہ سکول کاسربراہ بطور ریزیڈنٹ انسپکٹر کام کرتا ہے اور اسکی ذمہ داریاں انتہائی محدود ہوتی ہیں مگر ایک مخصوص ٹولہ نہم و دہم کے جاری امتحانات میں تعلیمی بورڈ کے تعینات عملے اورسکول انتظامیہ کو بدنام کر نے کی ناکام کوشش کر رہا ہے ۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ترجمان  نے کہا کہ تعلیمی بورڈ کی مانیٹرنگ ٹیمیںخود تمام چیزوں کی نگرانی کر رہی ہیں ا یسا کوئی سوچ بھی نہ لے کہ کوئی اس طرح امتحانی سنٹر کے عملے کو بلیک میل کرکے  اپنے مفادات پورا کریگا۔ 

مزیدخبریں