پاکستان نے 18 مارچ کو افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا، دفتر خارجہ

 ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہےکہ پاکستان نے 18 مارچ کی کارروائی افغان عوام اور فوج کے خلاف نہیں کی۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے 18 مارچ کو افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، پاکستان نے یہ کارروائی افغان عوام اور فوج کے خلاف نہیں کی،  پاکستان افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ 16 مارچ کے دہشتگرد حملے کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطہ ہوا تھا اور اس حوالے سے افغان حکام کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا تھا ۔غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا پاکستان غزہ میں اسپتالوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، معصوم بچوں، بے گناہ افراد اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتاہے۔مقبوضہ کشمیر سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی 14 سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کرچکا ہے جو قابل مذمت ہے،مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار رائے پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن