فیفا ورلڈکپ 2026 کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ میں آج پاکستان اور اردن کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔
گزشتہ روز اُردن کی فٹبال ٹیم 18 سال بعد پاکستان پہنچی جہاں آج گرین شرٹس اور ان کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کے لیے مقابلہ ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگی۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔ قومی فٹبال ٹیم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میچ دیکھنے آئیں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں۔
فیفا ورلڈکپ 2026 کوالیفائرز کے گروپ جی میں اس وقت سعودی عرب سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر تاجکستان، تیسرے پر اردن جبکہ پاکستان کا چوتھا نمبر ہے۔ پاکستان کو پہلے دو میچز میں سعودی عرب اور تاجکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اردن کی فٹبال ٹیم نے 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اردن کی فٹبال ٹیم کا مسقط سے اسلام آباد پہنچنے پر اردن کے سفیر ڈاکٹر ماین خریست نے شاندار استقبال کیا جبکہ سفارت خانے کے اراکین اور فٹبال فیڈریشن کے آفیشل بھی موجود تھے