راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو اب سب چیزوں سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ڈونلڈ لو کے بیان پر اسد مجید کو اپنا مؤقف دینا چاہیے، 20 گھنٹے ہوچکے مگر اسد مجید کی طرف سے کوئی بیان نہیں آیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسد مجید کے ماضی کے بیان میں تھا کہ میری ڈونلڈ لو سے میٹنگ ہوئی تھی. لیکن کل ڈونلڈ لو نے اسد مجید سے ملاقات کا ذکر بھی نہیں کیا. ڈونلڈ لو اب سب چیزوں سے پیچھے ہٹ رہاہے اس لیے ہم دوبارہ سے سائفر کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ امریکا نے فری اینڈ فیئر کا لفظ کبھی استعمال نہیں کیا. اسد مجید کو دوبارہ بیان ریکارڈ کرانا چاہیے، ڈونلڈلو نے کل جو بیان دیا اس پر اسد مجید کو بھی بیان جاری کرنا چاہیے. ڈونلڈلو نے جو کہا وہ جھوٹ ہے ہم اسکی دوبارہ انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے دروازے مذاکرات کیلئے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں. لیکن ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کسی مذاکرات سے مشروط نہیں کررہے. ان کے کیخلاف غیر آئینی طریقے سے ٹرائل چلایا گیا، ہم امید کرتے ہیں عدلیہ بانی پی ٹی آئی کی سزا پر فیصلہ کرے گی۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بطور سیاسی جماعت مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، ہائیکورٹ کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹرائل کورٹ کے ٹرائلز کا نوٹس لے۔