لاہورمیں توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کےخلاف علامہ اقبال میڈٰکل اور کنگ ایڈورڈ میڈٰکل کالج کے سٹاف اورطلبہ نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت کالج کے پرنسپل کررہے تھے۔ پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے ہیلی کالج سے انسٹیٹیوٹ آف کمیونیکیشن سٹڈیز تک مارچ کیا۔ مارچ کے شرکاء نے کا کہنا تھا کہ فیس بک پر پابندی قابل تحسین ہے۔ حکومت کو اس واقعہ کے خلاف سفارتی سطح پر احتجاج کرتے ہوئے ذمہ دارممالک کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ لبرٹی چوک میں لاہور سکول آف اکنامکس، ایف سی کالج اوردیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مسلمان ممالک کو متحد ہو کر آگے ہونا چاہیے اور اس سازش کا جواب دینا چاہیے۔ عالمی تنظیمِ اہلِ سنت کے زیرِ اہتمام داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر عالمی تنظیم اہلسنت کے سربراہ پیر محمد افضل قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلم امہ کو ایک ہو کر اس مسئلے کا حل تلاش کریں۔ ریلی کے شرکا نے ملک میں فیس بک کو مستقل بنیادوں پر بلاک کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔