عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹارگٹ کلنگ کا ازخود نوٹس لیں ہم یوم سیاہ منا کر مزید خون خرابہ نہیں کرانا چاہتے۔

مردان ہاوس کراچی میں عوامی نیشنل پارٹی کے تھنک ٹینک کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے شاہی سید نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تسلسل کے ساتھ منظم طریقے سے جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو معلوم ہے کہ ٹارگٹ کلنگ میں کون لوگ ملوث ہیں تاہم ملزموں کو گرفتار نہ کرنا افسوسناک ہے، ان تمام افراد کو ایک ہی جگہ سے کنٹرول کیا جاتا ہے جو کہ کراچی کو یرغمال بنا کر رکھنا چاہتے ہیں، شاہی سید نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا از خود نوٹس لیں اور ملوث افراد کی گرفتاری کا حکم صادر کریں،  اس موقع پر انجمن اتحاد ہزارہ کے سینیئر نائب صدر ارشاد بخاری نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کو ہزارہ تحریک سے جوڑنا ایک سازش ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، ہماری تحریک پرامن ہے اور پر امن رہے گئی، ہزارے وال اور پختون بھائیوں  کو مل کر اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن