محکمہ ٹرانسپورت پنجاب نے ڈرائیوروں کی غلطی سے جاں بحق و زخمی افراد کے لیے زر تلافی میں تین سےپانچ سو فی صد تک اضافےکا فیصلہ کیا ہے۔

May 21, 2010 | 16:54

سفیر یاؤ جنگ
 روزنامہ نوائے وقت کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے بعد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے گھر والوں کوسولہ ہزار کی بجائےایک لاکھ ساٹھ ہزاراور بازو یا ٹانگ ٹوٹنےکی صورت میں پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے زرتلافی ملے گا ۔ اس کے علاوہ ٹرانسپورٹروں سےبنک گارنٹی کی مد میں ایک لاکھ سے چھ لاکھ روپے لیے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ رکن پنجاب اسمبلی طیبہ ضمیر نے مئی دو ہزار آٹھ میں پرائیویٹ ممبر ڈے پر ایک بل اسمبلی میں پیش کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والے افراد کو ابھی تک انیس سو اٹہترکے طے کردہ ریٹ کےمطابق زرتلافی دیئے جا رہے ہیں جو انتہائی کم ہیں ۔ اس بل کے پیش ہونے کے بعد اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کواس بارے میں ضروری ترامیم  کرنے کی ہدایات دی تھیں جس کے بعد اب محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سےجرمانوں کے نئے سروں سے تعین کا بل آج کابینہ کےاجلاس میں پیش کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں کی غلطی کی وجہ سے سب سے زیادہ ٹریفک حادثات میں ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ہوتی ہیں۔ 
مزیدخبریں