جمہوریت میں حکومت جہاں غلط ہو اپوزیشن اُسے صحیح راستہ دکھائے۔ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان تنہا نہیں، پہلے بھی ساتھ تھے آئندہ بھی رہینگے۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان

May 21, 2012 | 19:41

سفیر یاؤ جنگ
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ سے دوسری بار خطاب قابل فخر ہے۔ پاکستان اور ترکی خطے کے دو طاقتور ملک ہیں اور دونوں ممالک کی افواج کے تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دیں، اس جنگ میں پاکستان تنہا نہیں بلکہ ترکی اس کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔رجب طیب اردگان نے کہا کہ پاکستان کے دکھ ہمارے دکھ اور اس کی خوشی ہماری خوشی ہے،ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل میں تعاون جاری رکھا ہے جبکہ پاکستانی عوام کی جنگ نجات کے دوران مدد کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ترک وزیراعظم نے کہا کہ جمہوری کلچر اب عالمی کلچر بن چکا ہے،مثبت تنقید کی ہمیشہ سے ایک خاص اہمیت رہی ہے تاہم اپوزیشن کا کام صرف تنقید کرنا یا حکومتوں کو ہٹانا نہیں بلکہ صحیح راستے پر گامزن کرنا ہوتا ہے۔ رجب طیب اردگان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پارلیمنٹ جمہوری استحکام کے لئے مضبوط اقدامات اٹھا رہی ہے، اقتدار عوام کی جانب سےارکان پارلیمنٹ کے کندھوں پر ڈالی گئی بھاری ذمہ داری ہے جبکہ جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے ڈھانچے کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ترک وزیراعظم نے واضح کیا کہ ترکی کی اقتصادی اور معاشی ترقی کے پیچھے مضبوط قانونی اصلاحات ہیں۔ انہوں نےسیاچن اور طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گیاری سیکٹر میں دبے فوجیوں کے لیے دعاگو ہیں۔
مزیدخبریں