مسلم لیگ (ن) کی حکومت معاشی استحکام کیلئے کام کریگی : خواجہ شاہ زیب اکرم

لاہور (پ ر) پاکستان بزنس فورم (پنجاب زون) کے سینئر وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی منتخب حکومت پاکستان میں معیشت کے استحکام کیلئے کام کریگی۔ میاں نواز شریف اور میاں شہبازشریف کی قیادت میں حکومت ملکی معاشی اقتصادی مسائل کے حل کیلئے تاجر برادری کی سفارشات اور تجاویز کو خصوصی اہمیت دے گی۔ اور ایسے اقدامات کرے گی جس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا۔ نو منتخب حکومت کی اقتصادی پالیسیوں سے پاکستان میں اقتصادی و معاشی استحکام آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فارما ہیلتھ آفس میں گذشتہ روز (پیر) کو پاکستان بزنس فورم پنجاب کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ لاہور کے بعض علاقوں میں لوگوں نے خواہ مخواہ کا واہ ویلا مچا رکھا ہے۔ انہیں الیکشن میں ملک بھر سے عوام کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو ملنے والے واضع مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے۔ اس وقت ہمارا ملک بحرانوں سے دوچار ہے اور انڈسٹری سابقہ حکمرانوں کے غیر منصفانہ مینجمنٹ کی وجہ سے تباہ ہو چکی ہے۔ ان لوگوں کو احتجاج کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ ہم جس مہذب معاشرے سے تعلق رکھتے ہیں اس میں پڑھی لکھی اور سلجھی ہوئے افراد کو اس طرح زیب نہیں دیتا۔

ای پیپر دی نیشن