لاہور (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) عمران خان نے کراچی میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کسی سے خوفزدہ ہوئے بغیر آگے بڑھیں۔ ایک انٹرویو میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں 1977ءکی دھاندلی کو بھی مات دے دی گئی۔ امن کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے جس کے لئے طالبان سے مذاکرات کے حامی ہیں، زہرہ حسین کے قتل پر تحریک انصاف خاموش نہیں رہے گی، قاتل تک پہنچ کر دم لیں گے۔ شہر قائد کو بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، امریکہ کے خلاف نہیں، تعلقات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئےں، ڈرون حملے فوری طور پر نہ رکے تو قوم اٹھ کھڑی ہو گی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ دھاندلی کے بل بوتے پر اقتدار میں آنے والی حکومتیں زیادہ دیر تک نہیں چلتیں کیونکہ ان کی ترجیح وہ ایجنڈا ہوتا ہے جس کے تحت انہیں لایا جاتا ہے۔ 11 مئی کو کراچی سے خیبر تک تحریک انصاف جیت رہی تھی لیکن رات کے اندھیرے میں سب کچھ تبدیل کر دیا گیا۔ وہ طالبان سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں لیکن ہر کام آئین کے تحت ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ صرف تحریک انصاف ہی قومی مفادات کو سامنے رکھ کر بیرونی قوتوں سے بات کرنے کی جرا¿ت کر سکتی ہے۔ مخالفین کا مقابلہ سیاسی جدوجہد سے کیا جائے گا۔ انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر سے بھی معاملات کو گہری نظر سے دیکھنے کے لئے کہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ کراچی میں فوجی آپریشن کے خلاف ہیں لیکن انتظامی مشینری کو غیر جانبدار کرنا ہو گا۔ حکومتی رٹ بحال کرنے کے لئے ضروری ہے قانون کا شکنجہ سخت کیا جائے اور کسی کو قتل کرنے کا لائسنس نہیں دیا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپاﺅ نے شوکت خانم ہسپتال میں عمران خان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماﺅں کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، خیبر پی کے میں حکومت سازی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سمیت (ق) لیگ کے رہنما¶ں نے عمران خان سے شوکت خانم ہسپتال میں ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔ چودھری برادران نے عمران خان کی مکمل صحت یابی کی دعا کی۔ اس موقع پر ملکی مسائل اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہم خیال لیگ کے سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر خان نے شوکت خانم ہسپتال میں تحریک انصاف کے رہنما عمران خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے عمران خان کی خیریت دریافت کی۔
شیرپاﺅ‘ شجاعت ‘ پرویز الہٰی کی ملاقاتیں: زہرہ حسین کے قاتل تک پہنچ کر دم لیں گے: عمران
May 21, 2013