وفاق سے ٹکراﺅ کی پالیسی نہیں ہو گی : پرویز خٹک سمیع الحق نے تعاون کی یقین دہانی کرا دی

May 21, 2013

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کیلئے تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہا ہے کہ ہم صوبے کی ترقی کیلئے وفاق سے مل کر چلیں گے اور ٹکراﺅ کی پالیسی اختیار نہیں کریں گے۔ امن و امان کی صورت حال کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ قبائلیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ پرویز خٹک اور خیبر پی کے اسمبلی کے نامزد سپیکر اسد قیصر نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پاکستا ن تحریک انصاف کو صوبے میں مینڈیٹ حاصل ہے اور وہ حکومت چلانا بھی جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں دینی مدارس بالخصوص دارالعلوم حقانیہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ مولانا سمیع الحق نے نامزد وزیراعلیٰ کو امن و امان بہتر بنانے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں