لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے سابق صدر پرویز مشرف کو جلاوطن کرنے کے حوالے سے خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرف قومی مجرم اور غدار ہیں جنہوں نے ناصرف دو بار ملکی آئین توڑا بلکہ امریکی حکم پر پاکستان کو دہشت گردی کے نام پر مسلمانوں کے خلاف امریکی جنگ میں جھونک کر 47ہزار سے زائد معصوم شہریوں کے قتل عام میں براہ راست ملوث ہوئے اور ملک کو 100ارب ڈالر کا معاشی نقصان پہنچا کر سنگین بحرانوں سے دوچار کیا۔ مشرف نے اکبر بگٹی اور جامعہ حفصہ کی معصوم طالبات کا بے رحمانہ قتل کیا۔ مشرف کو جلا وطن کرنا قومی مجرم کوفرار کراناہے ،جو باہر بیٹھ کر ملک دشمن عناصر اور امریکی سازشوں کی تکمیل کیلئے کام کرے گا۔ قوم مشرف کو جلا وطن کرنے کے فیصلے کی قطعا حمایت نہیںکرے گی ، مشرف نے ملک کی اعلیٰ ترین عدلیہ کی تذلیل کی اور چیف جسٹس آف پاکستان سمیت سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان کو بلا جوازقید میں رکھا۔ مشرف کے ساتھ وہی سلوک ہونا چاہئے جو دشمن کے ایجنٹ اور ملک کا آئین توڑنے والے کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ مشرف کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے لیکن اگر تمام جرائم سے چشم پوشی اور صرف نظر کرتے ہوئے اس کے صرف آئین کو توڑنے اور معزز عدلیہ کو قید کرکے دھمکیاں دینے اور ہراساں کرنے کے جرم کی سزا ضرور ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کیلئے ضروری ہے کہ وہ قومی مجرم کو فرار کرانے کی کوششوں سے الگ رہے اور ایسے کسی بھی اقدام سے لا تعلقی کا اعلان کرے ۔مشرف کے خلاف سپریم کورٹ میں مختلف کیس زیر سماعت ہیں اب یہ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین کی بالا دستی کو یقینی بناتے ہوئے ایک ڈکٹیٹر کو قرار واقعی سزا دے۔
مشرف قومی مجرم ہیں، قوم انہیں جلاوطن کرنے کی ہرگز حمایت نہیں کریگی: منور حسن
May 21, 2013