اسلام آباد (اے پی پی) آئی جی اسلام آباد بنیامین کی بہو کے قتل کی ایف آئی آر تھانہ شالیمار میں درج کرلی گئی۔ مقتولہ کی والدہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس کی بیٹی کو والد‘ بھائی اور بھاوج نے مل کر قتل کیا۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد سیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی بنیامین کی بہو وحیدہ عرف پلوشہ گزشتہ یوم اپنے میکے پشاور یونیورسٹی ٹاﺅن گھر والوں سے ملنے گئی تھی کہ وہاں پراسرار طور پر اس کی موت واقع ہوگئی۔ بعد ازاں متوفیہ کو اسلام آباد ایچ ایٹ قبرستان میں دفن کردیا گیا تاہم پیرکو متوفیہ وحیدہ پلوشہ کی والدہ نے تھانہ شالیمار میں ایک درخواست دی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وحیدہ پلوشہ کو اس کے والد‘ بھائی اور بھاوج نے ملکر مارا ہے جس پر تھانہ شالیمار پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر سیل کر دی۔