اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے این اے 117 نارووال کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار احسن اقبال کے نوٹیفکیشن کا اجرا روکا جائے اور حلقہ میں دوبارہ پولنگ یا ووٹوں کی ازسرنو گنتی کرائی جائے اور نادرا سے بیلٹ پیپر پر انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرائی جائے۔ درخواست میں نارووال کے ڈی پی او، ڈی سی او ڈی آر او اور احسن اقبال کوفریق بنایا گیا ہے۔ درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ابرار الحق نے کہا قومی اسمبلی کی نشست دھاندلی سے جیتنے کیلئے ان سے اڑھائی کروڑ روپے رشوت مانگی گئی تھی، سپریم کورٹ دھاندلی کا نوٹس لے۔