کراچی پر 23مئی کو اے پی سی بلائینگے: شاہ محمود، پیر پگاڑا سے ملاقات

May 21, 2013

کراچی (این این آئی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے 23مئی کو کراچی کی صورتحال پر کل جماعتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ زہرہ شاہد کا تحریک انصاف سے لاتعلق ہونے کا ایم کیو ایم کا الزام بے بنیاد ہے وہ اب بھی پارٹی کی صوبائی نائب صدر تھیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیرپگارا سے ملاقات میں دھاندلیوں پر بات چیت ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ اب تو صدر زرداری بھی اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پیرپگارا سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمرکوٹ اور تھرپارکر کے 35پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ ہونے والی پولنگ کے دوران بالکل اسی طرح کے انتظامات کئے جائیں جس طرح این اے 250میں کئے گئے تھے۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کے اغواءمیں اپنے ملوث ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سخت غصے میں آئے اور کہا کہ یہ سوال بے بنیاد اور غیر سنجیدہ ہے جس کا جواب دینا ضروری نہیں۔ قبل ازیں پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم امن کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور ہمارے کارکنوں کو نقصان پہنچانے والوں کے ہاتھ روکیں گے۔ سیاسی بے یقینی پیدا کرنے والے عوام کے فیصلے کو قبول کریں۔ عمران خان کے خلاف مہم چلانے والے علاقائی سیاست کو پروان چڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ زہرہ شاہد کے قاتلوں کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے زہرہ شاہد کے قتل کو ایک بزدلانہ اور سفاکانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا اچھی طرح جانتے ہیں۔ 

مزیدخبریں