نئی دہلی (اے ایف پی + بی بی سی + آئی این پی) چینی وزیراعظم لی کی کیانگ کے دورہ بھارت کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان پانی، ویزہ اور تجارت سمیت 8 معاہدوں پر دستخط کئے گئے جبکہ دونوں ممالک کے وزراءاعظم نے سرحدی تنازعہ حل کرنے پر اتفاق کیا اور طے پایا کہ دونوں ممالک کے خصوصی نمائندے سرحدی تنازعہ کا حل نکالنے کے لئے جلد مذاکرات کریںگے۔ چینی وزیراعظم لی نے یہاں منموہن سنگھ سے مذاکرات کئے 8 معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب کے بعد دونوں رہنماﺅں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور چین کو دیرینہ سرحدی تنازع کو حل کرنے کے لئے بہتر طریقہ کار کی ضرورت ہے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے حکام کا ایک اجلاس جلد ہی منعقد ہو گا جس میں اس تنازع کے خاتمے پر بات چیت کی جائے گی۔ لی کی کیانگ نے کہا ہم اس بات کی تردید نہیں کرتے کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازعات نہیں ہیں ہمیں سرحد کے حوالے سے طریقہ کار کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا مسٹر سنگھ اور میں اس بات پر اتفاق کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات سے زیادہ مفادات موجود ہیں۔ ہمیں ان اختلافات کو کھلے ذہن سے سلجھانے کی ضرورت ہے۔ چینی وزیراعظم لی کی کیانگ نے اپنے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کے ساتھ ملاقات میں بھارت کے ساتھ اعتماد کی تعمیر کا وعدہ کیا۔ وزیراعظم لی نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک میں باہمی اعتماد میں اضافے اور تعاون کو فروغ دینا ہے اور مستقبل کا سامنا کرنا ہے۔ بھارت اور چین کے درمیان سٹریٹجک تعاون کے بغیر عالمی امن کا خواب کبھی حقیقت نہیں بن سکتا۔ یہ دونوں پڑوسی ممالک دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ممالک ہیں۔ پیر کو ہونے والی بات چیت میں دوطرفہ مسائل پر بات چیت کے علاوہ تجارت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ چینی وزیراعظم کو بھارت میں خوش آمدید کہتے ہیں، اختلافات کے باوجود 25 برس سے بیجنگ کے ساتھ تعلقات قائم ہیں، چینی وزیراعظم نے دورہ چین کی دعوت دی ہے ، چین کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، خطے میں امن و استحکام اور معاشی ترقی کے لئے دونوں ممالک کو تعاون بڑھانا ہوگا، چین اور بھارت دو تاریخی تہذیبیں ہیں، سرحدوں پر امن ضروری ہے، اس تنازعہ کو مل کر حل کریں گے۔ چین کے وزیرعظم نے بھارت کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم لی کا مارچ میں عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ چینی وزیراعظم لی کی کیانگ نے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کے ساتھ ملاقات میں بھارت کے ساتھ اعتماد کی تعمیر کا وعدہ کیا۔
نئی دہلی: بھارت چین کے درمیان 8 معاہدے‘ دونوں وزراءاعظم سرحدی تنازعہ حل کرنے پر متفق
May 21, 2013