نئی دہلی (آئی این پی) بی جے پی کی حکومت بنتے ہی ہندو انتہا پسند جماعتوں نے رام مندر کی تعمیر کے مطالبے شروع کردیئے‘ راشٹریہ سوامی سیوک سنگھ ناممی تنظیم نے ایک بار پھر رام مندر کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے دوسری طرف بی جے پی نے اس معاملے پر گجرات فسادات کی طرح خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق راشٹریہ سیوک سنگھ کے سینئر رکن ایم جی ویدھ نے رام مندر کی تعمیر کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایم جی ویدھ نے دفعہ تین سو ستر ہٹائے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ وید نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ1999 میں بی جے پی صرف 182 سیٹیں جیت پائی تھی۔ تب نیشنل کانفرنس جیسی پارٹیوں سے حمایت لینا ان کی مجبوری تھی۔ سیاسی مسائل کی وجہ سے اس وقت رام مندرکی تعمیر کا معاملہ سرد خانے میں چلا گیا۔ اب ٹی ڈی پی، شیو سینا اور اکالی دل این ڈی اے کا حصہ ہیں۔ ان پارٹیوں کو رام مندر بنائے جانے پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔