نئی دہلی( اے این این) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کی نئی حکومت کے ساتھ خفیہ رابطوں اورکشیدگی میں کمی کا ٹاسک پاکستانی ہائی کمشنر کو دے دیا گیا۔ پاکستان بھارت کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے،نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بے صبری سے منتظر ہیں، ٹھوس فیصلے لینے میں نریندر مودی کی حکومت کو کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہو گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی وفاقی حکومت نے بھارت کے ساتھ مسائل کو حل کرنے،دوریوں اور کشیدگی کو کم کرنے کے لئے نئی دہلی میں پاکستانی سفیر عبدالباسط کو بھارت کی نئی حکومت اور بی جے پی کی قیادت کے ساتھ خفیہ رابطوں اور بات چیت کا تاسک سونپ دیا ہے۔ بات چیت میں اہم پیش رفت بھی ہوئی ہے۔عنقریب ہی بھارت کے ساتھ بامعنی، نتیجہ خیز مذاکرات سرکاری سطح پر شروع ہونے کی امید کی جا سکتی ہے۔ سرتاج عزیز نے اس بات کی تصدیق کی کہ نئی دہلی میں موجود پاکستان کے ہائی کمشنر کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے کہ وہ ماحول کو سازگار بنانے، بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کو شروع کرانے کے لئے خفیہ بات چیت کا سلسلہ شروع کریں تاکہ آنے والے دنوں کے دوران دونوں ملکوں کے مابین بات چیت کے سلسلے کو شروع کیاجاسکے۔ انہوںنے کہاکہ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم ہونے والی حکومت کو فیصلے لینے کی بھرپورطاقت حاصل ہوگئی اور پاکستان کی یہ خواہش تھی کہ نئی دہلی میں جو بھی حکومت منتخب ہواسے فیصلے لینے میں رکاوٹیں پیش نہیں آنی چاہئے۔ ادھر وزارت خارجہ کے ایک سینئر آفیسر نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ بھارت پاکستان کے درمیان آنے والے دنوں کے دوران بامعنی اور نتائج خیز مذاکرات شروع کرنے کی ذمہ داری نئی دہلی میں موجود پاکستان کے ہائی کمشنر کو سونپ دی گئی ہے کہ وہ بھارتی جنتا پارٹی کی قیادت کے ساتھ خفیہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ مذاکرات کے لئے ماحول کو سازگار بنایا جا سکے۔
پاکستانی ہائی کمشنر کو نئی بھارتی حکومت کیساتھ خفیہ رابطوں کا ٹاسک دے دیا:سرتاج عزیز
May 21, 2014