چین نے دوستی کا حق ادا کر دیا، پاکستان کو بجلی میں خودکفیل بنائیں گے: شہباز شریف

May 21, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی ترقی دنیا کے تمام ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے اور اس ترقی کا راز مسلسل محنت اور یکسوئی میں مضمر ہے۔ وہ  گزشتہ روزچین کے شہر جینگ (JINIG) میں سٹی کونسل کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اہل پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے اور وہ اس دوستی کو اپنا اثاثہ سمجھتے ہیں۔ چین کی حکومت نے ایک ایسے وقت میں جب پاکستان توانائی کے بد ترین بحران کا شکار ہے ہمارے لئے 32 ارب ڈالر کے تاریخی پیکیج کا اعلان کرکے دوستی کا حق ادا کردیا ہے۔ اس پیکیج کا ایک قابل ذکر حصہ پاکستان میں توانائی کی پیداوار پر صرف کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عظیم دوست چین نے اپنا کام کردیا ہے اور اب اس پیکیج سے بہترین نتائج حاصل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ میں ملک سے باہر آکر یہ نہیں کہنا چاہتا کہ پچھلی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا لیکن میں چین کی حکومت کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی موجودہ حکومت اپنے دوست ممالک کی مدد سے پاکستان کو بجلی میں خودکفیل بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ انرجی کے شعبے میں ہمارا عمل ہمارے ارادوں کی صداقت کی گواہی ہے، قائداعظم سولر پارک میں پہلے سو میگاواٹ کا کنٹریکٹ دیا جاچکا ہے جبکہ نندی پور کے تباہ حال پراجیکٹ کی بحالی کے بعد اسی ماہ کے اختتام تک بجلی کی پیداوار بھی شروع ہوجائیگی۔ میں اپنی عوام کے سامنے جوابدہ ہوں اور انہیں شرمندہ نہیں کروں گا۔ چینی حکام، سرمایہ کاروں اور عوام نے ہر دورے کے دوران میرا اور میرے ساتھ آنیوالوں کا جس طرح خیرمقدم کیا ہے، اس پر میرا دل شکر کے جذبات سے معمور ہے۔ بیشتر ازیں وزیراعلیٰ نے جینگ میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنیوالے جدید ترین انرجی پارک کا دورہ کیا۔ اس انرجی پارک سے 4 ہزار 640 میگاواٹ بجلی حاصل کی جاتی ہے اور کوئلے کے ذریعے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنیوالا دنیا کا واحد پلانٹ اسی انرجی پارک کا حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے تقریباً دوگھنٹے تک انرجی پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر چینی حکام اور ماہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پانی، ہوا، تیل، کوئلے، گیس سمیت ہر ذریعے سے بجلی پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور ہمیں ان تمام شعبوں میں چین جیسے دوست ممالک کاتعاون درکار ہے تاہم جیسا کہ انہوں نے کہا کوئلے سے پیدا ہونیوالی بجلی کی قیمت تیل سے بننے والی بجلی سے کم ہوگی جس سے ملک میں بجلی کی شرح مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ کہا کہ ہماری انرجی پالیسی شفافیت، تیزرفتاری اور کوالٹی کے تین بنیادی ستونوں پر قائم ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈیرہ غازیخان کے بعض علاقوں میں سیلابی ریلوں سے پہنچنے والے نقصانات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں فی الفور امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازیخان کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سیلابی ریلوں سے ہونیوالے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور سیلابی ریلوں سے متاثر ہونے والے افراد کی ہرممکن مدد کی جائے۔

مزیدخبریں