کراچی (آئی این پی) سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر 176 او پی ایس افسران کو عہدے سے ہٹا دیا‘ عہدوں سے ہٹائے جانے والے 122افسران کا تعلق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن جبکہ 54 افسران کا تعلق دیگر سروسز سے تھا۔ منگل کو چیف سیکرٹری سندھ کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے 122جبکہ دیگر سروسز کے 54افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ محکمہ سروسز کے گریڈ 18 کے 23افسران گریڈ 19 پر کام کررہے تھے جبکہ گریڈ 17کے 46افسران گریڈ 18 میں تعینات ہیں۔ نچلے گریڈ کے 50 افسران گریڈ 17 میں تعینات کئے گئے تھے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر ہٹائے جانے والے افسران میں ایڈیشنل سیکرٹری محمد علی‘ ڈپٹی کمشنر مزمل ہالیپوتہ‘ ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اور ڈپٹی سیکرٹری صحت بھی شامل ہیں۔ چیف سیکرٹری سندھ نے تمام افسران کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے او پی ایس افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا۔
سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر 176 او پی ایس افسران کو عہدے سے ہٹا دیا
May 21, 2014