ایپکا کے زیراہتمام سرکاری ملازمین کی سول سیکرٹریٹ سے پنجاب اسمبلی تک ریلی

لاہور (سپیشل رپورٹر) ایپکا نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے صوبہ خیبر پی کے نے سرکاری ملازمین کیلئے بے شمار مراعات اور اپ گریڈیشن کا اعلان کیا ہے لیکن پنجاب حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور مطالبات کے حل کے لئے کوئی لائحہ عمل وضع نہیں کیا گیا۔ ایپکا پنجاب کی طرف سے پنجاب کے تمام اضلاع میں جن میں قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانولہ، ننکانہ صاحب، ملتان، ڈی جی خان، رحیم یار خان، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور و دیگر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ صوبائی دارالحکومت میں لوکل گورنمنٹ کمپلیکس سے پنجاب اسمبلی چوک تک احتجاجی ریلی ایپکا پنجاب کے صدر حاجی ارشاد کی قیادت میں نکالی گئی جس میں ملازمین نے سیاہ جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ جن پر مطالبات درج تھے ریلی میں حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ اسمبلی کی طرف جانے والے راستوں کو پولیس نے خاردار تاروں سے بند کر رکھا تھا جس پر ملازمین اور پولیس کے درمیان پہلے تلخ کلامی ہوئی پھر ہاتھا پائی اور بعد ازاں لڑائی جھگڑ ا شروع ہو گیا جس پر پولیس نے لاٹھی چارج شروع کر دیا۔ جس پر متعدد ملازمین زخمی ہوگئے تاہم ملازمین رکاوٹیں ہٹا کر اسمبلی چوک میں پہنچ گئے اور دھرنا دے دیا۔ جس پر گھنٹوں ٹریفک بند رہی۔ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایات پر بلال یاسین، طاہر خلیل سندھو پر مشتمل کمیٹی کی یقین دہانی کہ مطالبات کو منظور کر لیا جائے گا جس پر ایپکا کی طرف سے 27 مئی تک کی مہلت دے دی گئی۔ ایپکا نے اعلان کیا کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو ملازمین مسلسل دھرنا دیں گے۔ دھرنا سے  ایپکا کے مرکزی چیئرمین فضل داد گجر، لالہ محمد اسلم ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، محمد یونس بھٹی صدر ایپکا لاہور نے بھی  خطاب کیا، مہنگائی کا علامتی جنازہ بھی نکالا گیا۔ مظاہرین نے گلے میں روٹیاں ڈال رکھی تھیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (اپیکا) کے زیراہتمام سرکاری ملازمین نے چنیوٹ بازار سے ضلع کونسل چوک تک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے وفاقی وزیر خزانہ کا پتلا اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور صوبائی و وفاقی حکومت کی ملازم کش پالیسیوںکیخلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ ضلع کونسل چوک میں پہنچ کر مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور وفاقی وزیرخزانہ کے پتلے کو نذرآتش کیا۔ آل پاکستان پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی جس میں ایپکا، ڈپلومہ انجینئر اور ورکرز یونین سی بی اے کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ ریلی پی ڈبلیو ڈی آفس ریلوے روڈ سے شروع ہو کر ضلع کونسل جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج کیا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی کال پر ایپکا ساہیوال ڈویژن میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق ایپکا کے زیر اہتمام تحصیل کونسل میں دفتر کی تالہ بندی کرکے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن