لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بھارتی دہشت گردی کا مسئلہ سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر اٹھائے اور بھارت کو افغانستان سے نکالا جائے، انڈیا ہمیشہ سے پاکستان کا دشمن رہا ہے، وطن عزیز میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے اسی کا ہاتھ ہے، ہمارا دس سال پرانا موقف اب حکومت سمیت ہر شخص بیان کررہا ہے، بھارت سقوط ڈھاکہ کی طرح پاکستان کو پھر سے نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپورخاص (سندھ) میں تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ سعید نے کہا کہ جو کام بھارت اپنے ملک میں نہیں کرسکا وہ اس نے افغانستان میں کیا۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے امریکہ اور بھارت ہیں۔ ملک میں جاری دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ایجنسی را ملوث ہے۔ پاکستانی جیلوں میں قید بھارتی ایجنٹوں کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔