ایبٹ آباد (نامہ نگار) ایبٹ آباد شہر کے کاروباری مرکز جھگیاں میں دو گروپوں کے درمیان تصادم روکنے کے لئے مبینہ پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جھگیاں میدان جنگ بن گیا، حالات پر قابو پانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے فوج طلب کرلی، فوج نے علاقہ کا کنٹرول سنبھال کر تمام داخلی راستوں کو بند کر دیا، علاقہ میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے، ڈی آئی جی ہزارہ نے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا اعلان کر دیا، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اور ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعات کے مطابق دو گروہوں کے درمیان لڑائی کا آغاز دکان کے آگے سوزوکی پک اپ کھڑی کرنے پر ہوا جس نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مشتعل مظاہرین نے مری روڈ بلاک کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے روڈ کو کھولنے کے لئے فائرنگ کر دی جس سے دو افراد ٹیلر ماسٹر نعیم اور علی گوہر جاں بحق ہوگئے۔
ایبٹ آباد: گروپوں میں تصادم روکنے کیلئے پولیس کی فائرنگ، 2 افراد جاں بحق،کئی زخمی
May 21, 2015