واشنگٹن(آئی این پی) امریکی صدر اوباما نے محض 5 گھنٹوں میں ٹوئٹر پر 10 لاکھ فالوورز بنا کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ۔ ٹوئٹر اکاؤنٹ بننے کے بعد محض 5 گھنٹوں میں ہی صدر اوباما کو فالو کرنے والے افراد کی تعداد ایک ملین یعنی 10 لاکھ سے زائد ہوگئی۔ اس طرح انہوں نے ٹوئٹر پر ایک ملین فالوورز بنانے والے تیز ترین شخص کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اپنی ویب سائٹ پر اس بات کا اعلان کیا کہ امریکی صدر براک اوبام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نیا ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔اس سے پہلے یہ ریکارڈ اداکار روبرٹ ڈاؤنی کے پاس تھا، جنھوں نے اپریل 2014 میں 23 گھنٹے 22 منٹ میں ایک ملین فالوورز حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔یاد رہے کہ براک اوباما کو 18 مئی کو نیا صدارتی ٹوئٹر اکاؤنٹ ملا، جس کا ٹوئٹر ہینڈل @POTUS ہے۔اس سے قبل اوباما سرکاری اکاؤنٹ@TheWhiteHouse یا پھر انتخابی مہم کے دوران چلائے جانے والے اکاؤنٹ @BarackObama کا سہارا لیتے تھے۔انہوں نے پیر کو اوول دفتر سے ایک سمارٹ فون کے ذریعے اپنی پہلی ٹوئیٹ میں ذاتی اکاؤنٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔
اوباما نے 5 گھنٹوں میں ٹوئٹر پر 10 لاکھ فالوورز بنا کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا
May 21, 2015