نیویارک+ نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث رواں سال کے دوران ہر ماہ درجہ حرارت بڑھنے کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ اپریل میں گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ مسلسل 12 مہینے درجہ حرارت بڑھنے کے نئے ریکارڈ بنے ہیں۔ اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری پیرس معاہدے پر عملدرآمد فوری طور پر یقینی بنائے۔ یاد رہے پیرس معاہدہ عالمی درجہ حرارت کی شرح کم کرنے کیلئے کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے بارے میں ہے۔ آئی این پی کے مطابق بھارت میں گرمی کا 60 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھا ن کے شہر پھلودی میں گزشتہ روز 51 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت کا ریکارڈ کیا گیا جو بھارت میں اب تک کسی ایک دن میں ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق اس سے قبل بھارت میں کسی ایک دن گرم ترین درجہ حرارت 50.6 ڈگری سنٹی گریڈ تھا جو 1956ء میں راجستھان ہی کے شہر الور میں ریکارڈ کیا گیا۔