اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان ”ورکنگ ریلیشنز“ قائم کرنے کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کے درمیان اسلام آباد لاہور موٹر وے پر اتفاقیہ ملاقات ہوئی ہے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات کرچکے ہیں۔ ملاقات میں یہ کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف ”با¶نڈری وال“ کے اندر کھیل کھیلے تاکہ جمہوری نظام کو کسی صورت نقصان نہ پہنچے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عمران خان کو پیغام دیا گیا ہے کہ اگر وہ جلسوں میں اخلاق سے گری گفتگو کی بجائے کارکردگی اور پروگرام کے حوالے سے بات کریں گے تو مسلم لیگ (ن) کے رہنما¶ں کیلئے بھی ایک لکیر کھینچ دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق پرویز رشید کی دعوت پر نعیم الحق کچھ دیر کیلئے انکی گاڑی میں بیٹھ گئے اور دونوں رہنما¶ں نے کھل کر دونوں جماعتوں کے درمیان بہتر تعلقات کار قائم کرنے پر بات چیت کی۔ دونوں اطراف سے جلسوں میں خطاب کے دوران ضابطہ اخلاق بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ پرویز رشید، نعیم الحق سے ہونے والی بات چیت سے وزیراعظم محمد نوازشریف کو آگاہ کریں گے جبکہ نعیم الحق نے جمعہ کی شب عمران خان کو پرویز رشید سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق پرویز رشید نے نعیم الحق سے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز لیکس پر ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی بجائے عدالتی کمشن کے قیام کا انتظار کریں اور اس معاملے کا فیصلہ جلسوں کی بجائے کمشن میں طے کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے رہنما¶ں کے درمیان جلد ایک اور ملاقات کا امکان ہے جس میں ورکنگ ریلیشنز کے ضابطہ اخلاق تیار کیا جائیگا۔
مسلم لیگ/ پیغام