تہران (نوائے وقت نیوز) ایرانی صدارتی انتخابات کے نتائج کے مطابق حسن روحانی تقریباً 2 کروڑ 28 لاکھ ووٹ لیکر دوسری بار ایران کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق حسن روحانی 2 کروڑ 27 لاکھ 96 ہزار 468 ووٹ لیکر ایک بار پھر ایران کے صدر منتخب ہوگئے ہیں جبکہ انکے مخالف صدارتی امیدوار سید ابراہیم رئیسی کو ایک کروڑ 54 لاکھ 52 ہزار 194 ووٹ پڑے ۔ حسن روحانی نے56.88 فیصد ووٹ حاصل کئے۔ رئیسی کے ووٹوں کی تعداد 38.55 فیصد ہے۔حکام کے مطابق صدارتی انتخابات میں ٹوٹل 4 کروڑ 76 لاکھ 729 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ٹرن آؤٹ 71 فیصد رہا۔ وزیراعظم نوازشریف اور زرداری نے حسن روحانی کو دوبارہ ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ایرانی عوام نے حسن روحانی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ الیکشن میں ان کی دوبارہ جیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ ایران میں ووٹرز نے انتہاپسندی کو مستردکر دیا ہے اور وہ بیرونی دنیا سے تعلقات بنانا چاہتے ہیں۔ ایرانی کے سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ حسن روحانی خارجہ پالیسی کے نعرے پر ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
حسن روحانی 56.88 فیصد ووٹ لیکر دوسری مرتبہ ایران کے صدر منتخب
May 21, 2017