کوہاٹ+ کوئٹہ+ چارسدہ (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) کوہاٹ کے علاقے ورشنڈ لاچی میں پولیس وین پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ شہداء میں ایس ایچ او خان اللہ ، ایڈیشنل ایس ایچ او طاہر محمود تنویر علی، سپاہی عابد، تنویر علی شامل ہیں دہشت گردوں نے کمال خیل میں کارروائی سے واپسی پر پولیس پارٹی پر حملہ کیا۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں آواران میں شرپسندوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے سر نار کے پہاڑی سلسلے میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے اور کیمپ تباہ کر دیئے گئے۔ دوشر پسندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کر لئے گئے۔چار سدہ کے علاقے شب قدر کے مختلف علاقوں سے پانچ دستی بم حملوں کے نتیجے میں5خواتین، 6بچوں سمیت 14افراد زخمی ہو گئے، یکے بعد دیگر دھماکوں سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایک دھماکہ سروکلے میں سکول کے باہر ہوا جس سے چوکیدار اور طالب علم زخمی ہوا جبکہ موصل کور میں گھر کے باہر دھماکے سے 8افراد زخمی ہوئے۔ دھماکوں سے عوام میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور بچوں کے والدین سکول کی طرف دوڑے چلے آئے۔ پشاور میں پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے شدت پسندوں کے ٹریننگ سنٹر سے 409 کلو گرام بارودی مواد، سکیورٹی فورسز کی وردی، آئی ای ڈیز اور دیگر دھماکہ خیز آلات برآمد کرکے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، جکھڑ میں حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے اہلسنت والجماعت کے تحصیل صدر قاری محمد اسلم فاروقی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا کوئٹہ میں ایف سی نے نواحی علاقے گاہی خان چوکی میں زیر زمین چھپایا گیا بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قبضے میں لی گئی اشیاء میں 503 گرینڈ، 5دیسی ساختہ آئی ای ڈیز، ایک آر پی جی سیون، دو رائفلز، 22عدد آر پی جی 7گولے، 19فیوز، مختلف ساخت کے ہزاروں رونڈ اور دیگر تخریبی مواد شامل ہے۔کراچی کے علاقے دھوراجی میں نیو ٹائون تھانہ کی پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی افتخار اور ہیڈ کانسٹیبل یونس شہید ، ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔تینوں اہلکاروں کے سر پر گولیاں ماری گئیں، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 20خول ملے ہیں۔