لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے حکمرانوں نے ملک و قوم کو مسائل اور کرپشن کی جس دلدل میں پھنسا دیاہے اس سے نکلنے کا واحد راستہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں ۔ جماعت اسلامی تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن ریفارمز کیلئے ایک پیج پر لانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ عوام کا اعتماد انتخابات پر سے اٹھتا جارہاہے اور موجودہ حکمرانوں نے عام آدمی کو سخت مایوس کیاہے ۔ جے آئی ٹی کے نتیجہ میں بھی کرپٹ لوگ احتساب سے بچ گئے توپھر عوام چوکوں اور چوراہوں میں لٹیروں کا احتساب کریں گے ۔ پنجاب کے وسائل محدود علاقے میں خرچ کیے جارہے ہیں جس سے جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے دیگر حصوں میں سخت مایوسی اور نفرت پائی جاتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صد ر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے منصورہ میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں دونوں رہنماﺅں کے درمیان قریباً نصف گھنٹہ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کے اداروں ،جمہوریت ،سیاست اور انتخابی نظام پر مخصوص لابی کا قبضہ ہے اور الیکشن کے موقع پر اربوںکھربوں لگا کر وہ عوام کا مینڈیٹ خریدتے ہیں جس سے بہتری آنے کی بجائے چاروں طرف ابتری نظر آتی ہے ۔ بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا عوام بجٹ کواسحاق ڈار کی طرف سے ڈرون حملہ سمجھتے ہیں اور اسی سوچ میں غرق ہیں اس بجٹ کے بعد ملک و قوم کا کیا بنے گا ۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے مشیروں کی طرف سے تیار کیے گئے بجٹ میں عوام کیلئے مزید مہنگائی اور ٹیکسوں کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا ۔موجودہ حکمرانوں نے بدامنی ، مہنگائی ، بیروزگاری ، لوڈشیڈنگ اور بے یقینی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے دوست ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔مخدوم احمد محمود نے کہامیں صوبہ بہاولپور کی حمایت پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔
سراج الحق
جے آئی ٹی سے کرپٹ لوگ بچ گئے تو لوگ چوکوں میں احتساب کرینگے: سراج الحق
May 21, 2017