ریاض/ ملتان (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) سابق امریکی صدر اوباما کی اہلیہ پر تنقید کرنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود بے نقاب ہو گئے۔ دورہ سعودی عرب میں مسز ٹرمپ اور بیٹی ایوانکا نے سر پر سکارف نہیں پہنے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس وقت سابق خاتون اول مشیل اوباما کو دورہ سعودی عرب پر سکارف نہ پہننے پر ٹویٹ کرکے تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور لکھا تھا کہ مشیل نے اپنے میزبانوں کی توہین کی ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو سعودی عرب کے دورے پر پہنچے ہیں اور ان کے ہمراہ خاتون اول میلانیا اور بیٹی ایوانکا ٹرمپ بھی ہیں جنہوں نے سر پر سکارف نہیں پہنے۔ سعودی وزیرخارجہ نے اس سے قبل پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ امریکی خاتون اول پر سکارف پہننے کی پابندی نہیں ہوگی۔ امریکی صدر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور بیٹی ایوانکا کا لباس مرکز نگاہ بنا رہا۔ میلانیا ٹرمپ مکمل سیاہ جمپ سوٹ پہن کر سعودی عرب آئیں۔ پہلی نظر میں عبایا کا گمان ہوا‘ تاہم سر پر سکارف نہیں تھا۔ ایوانکا نے بھی وائٹ اور بلیک لباس پہنا۔ شاہ سلمان نے استقبال کے دوران امریکی خاتون اول سے ہاتھ بھی ملایا۔ سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ میلانیا اور ایوانکا جیسا چاہیں لباس پہنیں‘ کوئی پابندی نہیں۔ صدر ٹرمپ‘ اہلیہ میلانیا اور بیٹی ایوانکا نے شاہی قہوہ بھی نوش کیا۔ سعودی شاہ سلمان نے امریکی صدر کو قہوہ پینے کا طریقہ بھی بتایا۔ سعودی روایات کے مطابق مہمان کے کپ میں مسلسل قہوہ بھرا جاتا ہے۔ اگر مہمان مزید قہوہ نہ پینا چاہے تو اپنا کپ ہلاتا ہے یا اس پر ہاتھ رکھ دیتا ہے۔ سعودی شاہ سلمان نے ٹرمپ کو کپ ہلا کر بتایا کہ اگر مزید ققہوہ نہ پینا چاہیں تو ایسے ہلائیں مگر ٹرمپ کو شاید قہوہ بہت پسند آیا تھا۔ انہوںنے کپ ایک بار پھر بھروا لیا۔ ٹرمپ کو ظہرانے میں خاص طورپر سعودی کھانے بھی شامل تھے۔ امریکی صدر کی ملاقاتوں کے دوران سکیورٹی انتہائی سخت رہی اور فضائی نگرانی کی گئی۔
ٹرمپ کی اہلیہ اور بیٹی کیلئے سکارف کی پابندی معطل ملانیا کا مکمل سیاہ جمپ سوٹ مرکز نگاہ بنا رہا شاہ سلمان نے امریکی صدر کو قہوہ پینے کا طریقہ بتایا
May 21, 2017