کراچی( نیوز رپورٹر) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد اور نارتھ کراچی کے صدر محمد اسلم نے واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نارتھ کراچی کے سیکٹر 5B-1,5B-2,5B-3رحمانیہ موڑ میں پانی کی قلت کا نوٹس لیں اور پانی کی قلت پیدا کرنے والی واٹر بورڈ کی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاکر متاثرہ علاقے کے مکینوں کو لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات بروئے کار لائیں ۔ 15سے 20دن ہوئے نارتھ کراچی کے متاثرہ سیکٹرز پانی سے محروم ہیں ۔پاسبان واٹر بورڈ کی اعلیٰ انتظامیہ کو بھی متنبہ کرتی ہے کہ اگر پانی کی قلت ختم نہ کی گئی تو پاسبان نارتھ کراچی کے پیاسے مکینوں کے ساتھ ملکر واٹر بورڈ کی اعلیٰ انتظامیہ کے گھیرائو کی حکمت عملی مرتب کرنے پر مجبور ہوگی ۔ وہ پاسبان نارتھ کراچی کے زیر اہتمام الحمید اسکول کے سامنے 4-J چورنگی پر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر پیاسے مکینوں نے مٹکے ،کولرز ،بالٹی اور مگے ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے اور پانی دو پانی دو ظالم حکمرانوں پانی دو کے نعرے لگا رہے تھے، مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ اس موقع پر پاسبان نارتھ کراچی کے جوائنٹ سیکریٹری محمد رضوان ، لیگل ایڈ کمیٹی کے ممبر محمد اظہر و دیگر بھی موجود تھے ۔