کراچی( اسٹاف رپورٹر) سینئرسیاستدان اورمسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ ایک مسلسل عمل کے طورپر احتساب کو جاری رہنا چاہئے لیکن نا اہل وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف نیب ریفرنسوں کو انتخابات سے قبل نمٹا دیا جائے تو بہتر ہوگا تاکہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوںنے کہا کہ مجھے کیوں نکالا سے آغاز کرنے والے آج خود کوبچانے کے لئے ملکی سالمیت کوبھی دائوپرلگانے کو تیار ہوگئے ہیں۔ ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان مخالف بیان دینے کے بعد صرف اس بات کی کسر رہ گئی ہے کہ وہ نقشے بنا کر بھارت کو یہ بتا دیں کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے کتنے اور کہاں محفوظ ہیں۔ سید ضیاء عباس نے کہا کہ نواز شریف نے جس طرح مسلح افواج اور عدلیہ پر رکیک حملے کئے اور ممبئی حملوں سے متعلق جھوٹا بیان دے کرملک کی بدنامی کا سبب بنے۔ اس کے بعد ان کا نام تین بار وزیراعظم رہنے کے باوجود اپنے ہی ملک کے خلاف سازش کرنے والے واحد شخص کے طورپر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جاناچاہئے۔
ضیاء عباس