کراچی (سٹاف رپورٹر) فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور بلوچستان کے علاقے حب میں ہندو برادری کے دو افراد کی ہلاکت کے واقعہ کے خلاف دو علیحدہ مذمتی قراردادیں سندھ اسمبلی نے اتفاق رائے سے منظور کر لیں۔ دونوں قراردادوں کے محرک فنکشنل لیگ کے پارلیمانی لیڈر نند کمار گوکلانی تھے قرارداد کی حزب اقتدار اور اختلاف کی جماعتوں نے بھی تائید کی۔ نند کمار گوکلانی نے ایک قرارداد کے زریعے بلوچستان حکومت سے صوبے میں بسنے والی ہندو برادری کو تحفظ فراہم کرنے اور حب میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اقلیتی برادری کے جے پال اور اسکے جواں سال بیٹے درشن لعل کے قتل پر اقلیتی برادری کو سخت تشویش ہے۔ نند کمار گوکلانی نے مزید کہا کہ ہندو پرامن برادری ہے وہ صوبے میں امن کے خواہاں ہیں اس قسم کے واقعات سے ہماری برادری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے صوبائی حکومت فی الفور ایسے واقعات پر نہ صرف قابو پائے بلکہ اقلیتی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اْٹھائے۔ دوسری قرارداد میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ قرارداد سے اقوام متحدہ سے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
بلوچستان : 2ہندوئوں کا قتل، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قراردادیں منظور
May 21, 2018