لاہور (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے چیف آرگنائزر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ آج کل زمین نہیں ’’خلائ‘‘ میں ہے اس لئے انکو خلائی مخلوق نظر آتی ہے۔ (ن) لیگ کو زمینی حقائق دیکھنا ہوں گے۔ نواز شریف حکومت میں بھی ہیں اور اپوزیشن میں بھی رہنا چاہتے ہیں جو ممکن نہیں‘ موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی جس کی وجہ سے ملک میں پارلیمنٹ اور جمہوریت کمزور ہوئی ہے ہم نے سپریم کورٹ اور نیب سمیت ہر جگہ مقدمات کا سامنا کیا مگر کسی ادارے کو گالیاں یا دھمکیاں نہیں دیں۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ (ن) لیگ والوں نے پارلیمنٹ اور عوام کو کبھی اہمیت نہیں دی یہ اقتدار میں انکے بعد خود کو زمین نہیں خلاء میں رکھتے ہیں اس لیے آج نوازشریف خلائی مخلوق کی باتیں کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت میں نوازشر یف اور انکے خاندان کے خلاف مقدمات چل رہے ہیں اور ان کو وہاں سے سزا کا خطرہ ہے اس لیے وہ اب دیگر ایشوز پر باتیں کرکے لوگوں کو توجہ تبدیل کر نا چاہتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے وہ اپنے مشن میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ سپریم کورٹ سمیت تمام اداروں کی مضبوطی کے بغیر پاکستان کی مضبوطی ممکن نہیں ہو سکتی اس لئے ہمیں اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا ۔
مسلم لیگ ن خلا میں ہے ‘ زمینی حقائق دیکھنا ہوں گے: یوسف رضا گیلانی
May 21, 2018