راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے پانی کی شدید کمی کے پیش نظر شہریوں کو پانی کے باکفایت استعمال کی ہدایت کر دی چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے سیکرٹری امان اللہ نے کہاکہ زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی کے ساتھ ساتھ چکلالہ کینٹ کو حالیہ دنوں میں خانپورڈیم سے بھی پانی کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے جبکہ ٹیوب ویلز میں پانی کی سطح بتدریج کم ہو تی جا رہی ہے اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ پانی کے ضیاع سے با زرہیں اور پانی کا ضروری استعمال ہی کریں پانی کے وسائل میں شدید کمی کے پیش نظر چکلالہ کینٹ کے علاقوں میں پانی کی راشننگ پر عمل در آمد جاری ہے ۔اس ضمن میں انتظامیہ کینٹ کے مکینوں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاھم شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ پانی کے باکفایت استعمال کو یقینی بنائیں اور پانی کا ضیاع کسی صورت نہ ہونے دیں ۔