نئی دہلی (اے ایف پی‘ نیٹ نیوز) بھارتی عدالت نے پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں اپنی ہی خاتون سفارتکار مادھوری گپتا کو تین سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ 61 سالہ مادھوری گپتا کو 2010ء کو پاکستانی خفیہ ایجنسی کو خفیہ معلومات دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ خاتون سفارتکار کے اقدامات سے ملکی وقار کو دھچکا لگا۔ عدالت نے سفارتکار کو تین سال کیلئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ مادھوری گپتا کے وکیل نے کہا ہے فیصلے کیخلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کی جائے گی۔ گپتا 21 ماہ سے پہلے ہی حراست میں ہیں اور انہیں سزا پوری ہونے پر رہا کردیا جانا چاہئے۔ مادھوری گپتا نے ہمیشہ اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات سے انکار کیا ہے۔