لاہور( خصوصی نامہ نگار)بانی سنی تحریک، امیر شہداء اہل سنت محمد سلیم قادری کی یاد میں جا مع مسجد علی ہجویری شا ہدرہ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے ضلعی صدر شر یف الدین قذافی نے کہا کہ بانی و قائد سنی تحریک امیر شہدا اہل سنت محمد سلیم قادری شہید نے ہمیشہ ملک کو فلاحی اور حقیقی جمہوریت پسند بنانے کا نظریہ پیش کیا،انہوں نے ہمیشہ فرقہ واریت کیخلاف عملی جد وجہد کی اور ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کی شدید مخالفت کی،وہ کسی بھی دینی وسیاسی جماعت کی مسلح جدوجہد کے شدید مخالف اور قانون کی حکمرانی کے خواہاں تھے۔انہوںنے کہاکہ ملک کو فرقہ واریت ،گروہ بندی اورانتہاء پسندی سے پاک کئے بغیر ترقی اور یکجہتی کی راہ پرگامزن نہیں کیاجا سکتا۔سعودی عرب اورایران کوایک دوسرے کے سامنے آنے سے گریز کرنا چاہئے،دونوں ممالک کی جنگ کی صورت میں امریکی مشن مکمل ہوگا۔مسلمان ریاستوں کو یہود و نصاریٰ کی غلامی سے نکلنا ہوگا سعودیہ اور ایران کی محاذ آرائی کی صورت میں پورا خطہ متاثر ہوگا،تیل اور معدنیات کے حصول کی خاطر امریکہ خونریزی چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہید قائد محمد سلیم قادری کا مشن جاری رکھا جائیگا۔
فرقہ واریت سے پاک کئے بغیرملک کاترقی کی راہ پرگامزن ہونا ممکن نہیں:شر یف الدین قذافی
May 21, 2019