لاہور(خصوصی نامہ نگار )منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دیانت و صداقت کے کلچر کو فروغ دینا آئین پاکستان اور اسلامی تعلیمات کا ناگزیر تقاضا ہے۔ کرپشن ،انصافی اور اقرباپروری نے پاکستان کی نظریاتی بنیادوں پر کھوکھلا کر کے رکھ دیا، جس نظام کے تحت مقتولین کے ورثاء کو انصاف تو کیا غیر جانبدار تفتیش کروانے کا حق بھی نہ ملے اس نظام کا ملیا میٹ ہو جانا ہی پاکستان اور اس کے عوام کے مفادمیں ہے، کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، کرپشن کے خاتمے کیلئے عدلیہ کا کردار اہم ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، رفیق نجم، احمد نوازانجم، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، راجہ زاہد محمود،فرح ناز، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، راشد کلیامی و دیگر رہنما شریک تھے۔