سپینی سفیر کی فیصل صالح حیات سے ملاقات‘فٹبال کے فروغ میں معاونت کی پیشکش

May 21, 2019

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سپین کے سفیر گیمنز ریکو نے مخدوم سید فیصل صالح حیات سے ملاقات میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے معاونت کی یقین دہانی کرادی، گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں ہسپانوی سفیر نے فٹبال کیلیے نائیب صدر اے ایف سی اور فیفا کی تسلیم شدہ پی ایف ایف کے صدر مخدوم سید فیصل صالح حیات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اس کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو اچھی ٹریننگ کے مواقع فراہم کئے جائیں تو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں، فٹبال کی سپر پاورز کو عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی کھیپ اکیڈمیز سے میسر آتی ہے، پاکستان میں گراس روٹ سطح پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔اس موقع پر سپینشن اکیڈمیز پروگرام کے تحت پاکستان میںفٹبال کے فروغ کیلیے معاونت اور کھلاڑیوں کے دوطرفہ دوروں کا سلسلہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ہسپانوی سفیر گیمنز ریکو نے اے ایف سی کا نائب صدر منتخب ہونے پر مخدوم سید فیصل صالح حیات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ فٹبال کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس سے قبل اپنی رہائیش گاہ واقع اسلام آباد میں تشریف لانے پر سید فیصل صالح حیات نے ہسپانوی سفیر کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپین فٹبال کی عالمی طاقتوں میں سے ایک ہے،اس کی معاونت سے گراس روٹ سطح پر پاکستان کا ٹیلنٹ نکھارنے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں