اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے مفتی منیب الرحمان اور شہاب الدین پوپلزئی کو گردش چاند کا نظارہ کرنے کی دعوت دینے کا اعلان کر دیا اپنے ٹوئیٹ میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ مولانا منیب الرحمان اور شہاب الدین پوپلزئی کو دعوت بھجوا رہے ہیں وہ تشریف لائیں اور خود دیکھیں کہ چاند کیسے گردش کرتا ہے اور سائنسی طور پر کیوں یہ انتہائی آسان ہے کہ چاند کے اصل مقام کا تعین ہو سکتا ہے اور اس کیلئے بہت پاپڑ بیلنے کی ضرورت نہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل فواد چودھری کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ علمائے کرام کا احترام ہے لیکن پوری دنیا میں چاند دیکھنے کے معاملات رضا کارانہ بنیادوں پر ہوتے ہیں عید او ررمضان کے چاند دیکھنے پر 40 لاکھ خرچ کر دینا کہاں کی عقلمندی ہے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کے لئے کمیٹی قائم کرنے کے حوالے سے رائے دی ہے لیکن ہر کسی کا اس سے متعلق ہونا ضروری نہیں کم از کم چاند دیکھنے کا تو معاوضہ نہیں ہونا چاہئے۔ قمر کیلنڈر پانچ سال کیلئے تیار کیا گیا ہے پہلا روزہ اور عید کب ہو گی پانچ سال پہلے پتہ چل جائے گا پانچ سال بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے قمری کیلنڈر بارے اسلامی رائے لینے کا فیصلہ کر لیا۔ دریں اثناء چین نے پاکستان کے پندرہ سو اسکولز میں صاف پانی فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔ چین پاکستان کی میڈیا یونیورسٹی کو آئی ٹی میں تعاون بھی فراہم کرے گا۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے چین کے نائب سفیر لیجیان زہا سمیت چینی اکیڈمی آف سائنس کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چین کے نائب سفیر نے چین کی جانب سے پاکستان کے 1500اسکولز میں صاف پانی فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ وفاقی وزیرفواد چوہدری نے اسکولوں میں صاف پانی کی پیشکش اور آئی ٹی یونیورسٹی میں تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد حسین چودھری سے آسٹریلیا کی مارکیٹ ایڈمسن نے ملاقات کی جس میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ملاقات میں ڈاکٹر عطاء الرحمان بھی موجود تھے۔