لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ورلڈ کپ سکواڈ میں تین تبدیلیاں کر دیں، محمد عامر ، آصف علی اور وہاب ریاض کو 15 رکنی حتمی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔ اعلان شدہ سکواڈ میں سے اوپنر عابد علی، آل راؤنڈر فہیم اشرف اور فاسٹ باؤلر جنید خان کو ڈراپ کر دیا گیا، چیف سلیکٹر کاکہنا ہے یو ٹرن نہیں لیا بلکہ انگلینڈ سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنے کے علاوہ پچزکی کنڈیشن اور فیلدنگ دیکھتے ہوئے ٹیم کی ضرورت کے پیش نظر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے حتمی پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے حتمی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور فاسٹ باؤلروں کی خراب کارکردگی کے باعث محمد عامر اور وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے جبکہ آصف علی نے انگلینڈ کے خلاد بہتر کارکردگہ دکھائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کو ریورس سوئنگ کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے شامل کیا گیا ہے اور ان کا ریکارڈ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بہتر رہا ہے۔ شاداب خان بھی پوری طرح فٹ ہو گئے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز لیگ میں ایک میچ بھی کھیلا ۔ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا مگر فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، جبکہ آصف علی کو عابد علی پر ان کی پاو ر ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی ہے۔چیف سلیکٹر نے بتایا کہ انگلینڈ میں 4 میچوں میں 2800 رنز بنے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے،دونوں ٹیموں میں فیلڈنگ کا فرق واضح تھا، فیلڈنگ کا معیار مزید بہتر بنانا ہے، انگلینڈ میں پرانی گیند کرنے والے بولرز زیادہ بہتر کھیل سکتے ہیں اور وہاب ریاض ریورس سوئنگ اور پرانی گیند اچھی کرتا ہے۔چیف سلیکٹر کی جانب سے اعلان کردہ قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، آصف علی، بابر اعظم، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر، محمد حفیظ، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، وہاب ریاض اور شاداب خان شامل ہیں۔انضمام الحق نے بتایا کہ گھبراہٹ میں فیصلے نہیں کیے گئے، ہم نے اپنے آپشنز دیکھ کر فیصلہ کیا ہے۔ اوپنر سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ اور حارث سہیل ہمارے تیسرے اوپنر ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر محمد حسنین کے پاس تجربہ نہیں لیکن اس کے پاس پیس ہے۔بیک میں رکھنے کیلئے عابد علی، فہیم اشرف اور محمد رضوان پاکستان کی بجائے ورلڈ کپ کے دوران اانگلینڈ میں ہی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ٹیم کو میسر آ سکیں۔پاکستان ٹیم کامیاب ہو نے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کمزید کہنا تھ کہ ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے کوچز کی طرح ان کا بطور چیف سلیکٹر کنٹریکٹ بھی ورلڈ کپ تک ہی ہے۔ فاسٹ بائولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ بننے پر فخر اور خوشی محسوس کررہے ہیں۔خدا کا شکرادا کرتے ہوئے کہا کہورلڈ کپ میں 100 فیصد پرفارمنس دینے کی بھرپورکوشش کریں گے اورقوم کا سرفخرسے بلند بھی کریں گے۔محمد عامر نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نیک تمناؤں اوردعاؤں کے لیے وہ بہت شکرگزارہیں۔
3 تبدیلیاں‘ عامر‘ آصف علی‘ وہاب ریاض ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل
May 21, 2019