اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کی ڈاکٹرز کی ہائوس جاب کیخلاف درخواست پر سماعت رمضان کے بعد تک ملتوی کرتے ہوئے نجی میڈیکل کالجز سے ہسپتالوں اور طلبا کی تفصیلات طلب کر لیں، جسٹس شیخ ‘ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ نجی میڈیکل کالجز چاہتے ہیں ہائوس جاب نہ کرائیں، وکیل نجی میڈیکل کالجز نے موقف اپنایاکہ اگر ہائوس جاب کی پابندی لگانی ہے تو تنخواہ دینے کا پابند نہ کیا جائے، جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ ہائوس جاب ڈاکٹر بننے کیلئے لازمی ہوتی ہے، جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ اگر نجی میڈیکل کالجز ہائوس جاب نہیں کراتے تو انہیں بند کر دیتے ہیں،قانون کے مطابق نجی میڈیکل کالجز ہائوس جاب کرانے کے پابند ہیں، اگر کوئی کالج مکمل ڈاکٹر نہیں بنا سکتا تو چلنے نہیں دینگے، وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجز کی فیس مقرر کر رکھی ہے، محدود فیس میں ہائوس جاب کی تنخواہ ادا کرنا ممکن نہیں، سرکاری ہسپتال ہائوس جاب کے 60 سے 80 ہزار ادا کرتے ہیں،جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ تفصیلات دیں پھر پی ایم ڈی سی کو نوٹس جاری کرنے کا جائزہ لینگے۔