حکمرانوں کی بداعمالیوں سے ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے: سراج الحق

کراچی( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور بد اعمالیوں کے باعث وسائل سے مالا مال اور بہترین افرادی قوت کی صلاحیت کا حامل ملک بیرونی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے اور موجودہ حکمران آئی ایم ایف سے مزید قرضے لے رہے ہیں ، عوام پر مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جارہا ہے ، اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ، عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں ہے ،کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے لیکن پانی اور بجلی کی سہولتوں سے محروم ہیں ۔ جماعت اسلامی مظلوموں ، مزدوروں اور غریب عوام کی ترجمانی کرے گی اور عید الفطر کے بعد مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف تحریک چلائیں گے ۔عوام ایک اسلامی ،خوشحال اور بیرونی قرضوں سے آزاد پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔جماعت اسلامی ملک میں اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کی جدوجہد کریں ،اسلامی نظام اور شریعت محمدی ؐ کے نفاذ سے ہی عوا م کے مسائل حل ہوں گے اور ملک بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت محکمہ موسمیات گلستان جوہر میں عوامی دعوت ِافطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ای پیپر دی نیشن