لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور چیف سیکرٹری پنجاب کے مابین فلور ملوںکی گندم کی خریداری میں حائل رکاوٹوں کو دور کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیںجس کے بعد فلور ملز کی گندم کی خریداری پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہوگی، فلور ملز جہاں سے چاہیں جتنی چاہیں گندم خرید سکتی ہیں، دورانِ سفر فلور ملز کی گندم کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ فور ی طور بند کر دیا گیاجبکہ فیڈ ملز کی گندم خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اس امرکااظہار گزشتہ روز پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشنکے ایک نمائندہ وفدسے ملاقات میں کیا ہے جس کی سربراہی گروپ لیڈر عاصم رضا احمد کر رہے تھے وفد میں میاں محمد ریاض، چوہدری افتخار احمد مٹو سابق چیئرمین پنجاب، چوہدری قیصر رشید، سابق وائس چیئرمین اور رضا عباس شامل تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف سیکرٹری پنجاب کو فلور ملنگ انڈسٹری کو درپیش مسائل اور فلور ملز کی گندم کی خریداری میں حائل روکاوٹوں اور محکمہ خوراک پنجاب کے فلور ملز کے ساتھ رویہ کے بارے میں آگاہ کیا، وفد نے فیڈز ملز کی گندم خریداری پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے وفد کی جانب سے پیش کئے گئے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ فلور ملز کی گندم کی خریداری پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہوگی، فلور ملز جہاں سے چاہیں جتنی چاہیں گندم خرید سکتی ہیں، دورانِ سفر فلور ملز کی گندم کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ فور ی طور بند کر دیا گیا،اور اس بارے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ساتھ ساتھ فیڈز ملز کی گندم خریداری پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے فوکل پرسن کا تقرر عمل میں لایا جائے، جوکہ براہِ راست ان تمام معاملات کی نگرانی کرے گا۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے پنجاب حکومت کیساتھ مذاکرات کامیاب
May 21, 2019