لاہور (کامرس رپورٹر) پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین اور معروف تاجر رہنما افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ڈالر مافیا ملکی معیشت کو بری طرح تباہ کررہا ہے ۔اس لئے اس کے خلاف جارحانہ اور نتائج پر مبنی کریک ڈائون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے نہ صرف معیشت کے تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں بلکہ مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ڈالر مافیا کے خلاف کریک ڈائون میں وزیراعظم عمران خان کر بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے روپے کی قدر میں تیزی سے کمی کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ بینک اس صورتحال کی وجوہات کی نشاندہی کرے اور انہیں تاجر برادری کے سامنے لائے۔ انہوں نے اس حوالے سے ایف آئی اے ، آئی بی ، کسمٹز انٹیلی جنس اور سٹیٹ بینک کو متحرک کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے عمران خان کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ روپے کی قدر گرنے سے پاکستان کو عالمی برادری میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی زرمبادلہ کی کوئی کمی نہیں بس اس کے بہتر انتظام کی ضرورت ہے۔انہوں نے غیر قانونی ذرائع سے دولت پاکستان سے باہرمنتقل کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 23 سال کے دوران 160 ارب ڈالر کی خطیررقم ملک سے باہربھیجی گئی جس کے مقابلے میں غیر ملکی قرضوں کی مالیت 104 ارب ڈالر تھی۔