آکلینڈ( آن لائن )کیوی آل رانڈر جمی نیشم نے کورونا وائرس کے باعث بند دروازوں میں کرکٹ بحالی کی حمایت کردی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسا نہیں لگتا کہ کھلاڑیوں کو خالی وینیوز پر کھیلنے میں کوئی مسئلہ درپیش ہوگا اور اگر سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھی شائقین کے بغیر منعقد ہوتا ہے تو کھلاڑی بند دروازے میں کھیلنے کیلئے تیار ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کے باعث موجودہ حالات میں کئی کرکٹ بورڈ ز کو بغیر رینیو کے اپنے انتظامی معاملات چلانے کیلئے فنانشل چیلنجز کا سامنا ہے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے بعد کھلاڑی مستقبل میں ہونیوالے میچوں کے دوران نئے معمولات کو جلدی اپنا لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ "یقینا ان تمام چیزوں پر غور کیا جاتا ہے جن کے ذریعے گرانڈ میں مداحوں کو رکھا جا سکتا ہے تاہم اس وقت کھیل کی بحالی ترجیح ہونی چاہئے ۔