کرونا سے زیادہ خطرہ وزراء کے رویے سے ہے:عارف سندھیلہ

May 21, 2020

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس سے ساری دنیا الجھی ہوئی ہے جہاں جہاں اس وائرس نے پنجے گاڑے ہیں وہاں وہاں انسانی لاشوں کے ڈھیر لگے ہیں اس معاملے میں دنیا کی بڑی بڑی طاقتیں بے بس ہیںہمیں کرونا وائرس سے زیادہ خطرہ حکومتی وزرا ء کے رویے سے ہے کرونا سے کون بچتا ہے کون نہیں بچتا اس کا فیصلہ تو بعد میں ہو گا لیکن سیاسی جماعتوں کے مابین کشیدگی اور سیاسی بیان بازی سے ہر دوسرا شہری ضرور متاثر ہو گا۔

، اپنے ایک بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ ایک طرف کرونا کا ڈر اور خوف ہے دوسری طرف جب سیاست دان الجھتے رہیں گے اور ٹیلی ویڑن چینلز پر ایک دوسرے کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے تو عوام کی رہنمائی کون کرے گا اصولی طور پر اس صورتحال میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ان معاملات کو کنٹرول کرنا چاہیے انہیں اپنے وفاقی وزرائ، گورنرز اور صوبائی وزراء کو سیاسی بیان بازی، سیاسی محاذ آرائی کی صورتحال پیدا کرنے پر پابندی لگانی چاہیے یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں ہے نہ ہی مختصر وقت میں ہمارے انتظامی کاموں میں بہت زیادہ نفاست آ سکتی ہے ہمیں ایک دوسرے کو خوبیوں خامیوں سمیت قبول کرتے ہوئے اچھے کاموں میں تعاون کرنے اور اچھا کام کرنے والے کی تعریف کی روایت کو آگے بڑھانا چاہیے کرونا سے لوگ موت کے منہ میں جا رہے ہیں موت کا یہ سفر زندہ رہنے والوں کے لیے سبق ہے اگر ہم دنیا بھر میں کرونا کی وجہ سے دنیا سے جاتے انسانوں کو دیکھ کر بھی کوئی سبق حاصل نہیں کر سکتے تو ہم کب سبق حاصل کریں گے قوم اس مشکل وقت میں وزیراعظم کی طرف دیکھ رہی ہے۔

مزیدخبریں