مودی حکومت کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے:عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز مظلوم کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح مودی حکومت جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ روز بھی بھارت کی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں 15 گھروں کو آگ لگائی۔ انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ بھارتی افواج مظلوم کشمیریوں پر وحشیانہ اور بہیمانہ تشدد کررہی ہیں اورمظالم ڈھا رہی ہیں۔

مقبوضہ وادی چنار میں متعارف کرائے گئے نئے قانون کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

بھارت کی قابض درندہ صفت افواج نے گزشتہ روز مقبوضہ وادی کشمیر کے ایک علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کے دوران حریت رہنما جنید صحرائی کو ساتھی سمیت شہید کردیا تھا۔

مودی حکومت کی ایما پرروایتی طریقہ کار کے تحت اسی وقت بھارتی افواج نے بارودی دھماکوں سے گھروں کو بھی تباہ کردیا تھا۔ کشمیر میڈیا سروس نے بتایا تھا کہ بھارتی افواج نے سحری تک اپنا محاصرہ جاری رکھا ہوا تھا۔

مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارت کی انتہا پسند جنونی ہندو حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے ڈومیسائل کے نئے قانون کو اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے بھی یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی خلاف ورزی کے مترادف قرار دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن