امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 15لاکھ 93 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید1561 افراد لقمہ اجل بن گئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 95ہزار ہوگئی ہے۔جمعرات کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کے باعث امریکہ اب تک دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور ملک میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1593039تک پہنچ گئی ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق تازہ ہلاکتوں کے بعد امریکہ میں اب تک وبا سے مجموعی مصدقہ ہلاکتیں94941 ہوچکی ہیں۔ دریں اثناءامریکہ میں لاک ڈاون میں نرمی کے اعلان کے بعد بیماریوں کے روک تھام اور کنٹرول کے محکمہ نے ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس میں سکولوں، ریستوران اور نقل و حمل سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کو پابندیوں کو ختم کرکے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور گائیڈ لائنز ان کمیونٹیز کی رہنمائی کریں گی جو اپنی معیشت دوبارہ کھول رہی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ نے اپنی تمام 50 ریاستوں میں کورونا وائرس کے پیش نظر لگائی گئی پابندیوں کو نرم کرنے کا اعلان کیا ہے۔